لاہور:چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا ہے کہ ورلڈکپ کے بعد کارکردگی کا جائزہ لیں گے، پھر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے، اگر  سرفراز یا کسی پلیئر کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو ازالہ ہوگا۔ 

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے پہلے وارم اپ میچ کی کارکردگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پلیئرز ایڈجسٹ ہو رہے ہیں، قومی کرکٹ ٹیم جلد کم بیک کرے گی۔ 

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد ٹیم میں تبدیلی ہوگی یا نہیں، اس پر ابھی وہ کوئی بات نہیں کریں گے، میگا ایونٹ کے بعد کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ 

کپتان بابر اعظم، رضوان اور شاہین ٹاپ پلیئرز ہیں، پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ سے متعلق اںہوں نے کہا کہ پلیئرز کو زیادہ پیسے اس لیے دیے ہیں کہ وہ پاکستان ٹیم کو ترجیح دیں۔ اے کیٹیگری میں رہنے کیلئے پلیئر کو  پرفارم کرنا ہوگا، نہیں تو بی میں آجائیگا۔ 

چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا فیصلہ میں نے نہیں کیا، کرکٹ کے فیصلے کرکٹرز کرتے ہیں۔ لیگ کرکٹ کی چمک دمک سے انٹرنیشنل ٹیموں کو مشکلات ہوئی ہیں۔ 

سابق کپتان سرفراز احمد کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر سرفراز یا کسی اور پلیئر کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہوگی تو ازالہ ہوگا۔ اگر کسی سے کوئی غلط فیصلہ ہوا ہے تو اس کو ٹھیک کریں گے۔ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہیں میرے آنے سے  پہلے رکھا گیا تھا۔ 

غیر ملکی کوچز سے معاہدے کی اگر  پاسداری نہ کریں تو بورڈ کی بدنامی ہوتی ہے۔ مکی آرتھر نے وعدہ کیا ہے کہ پورے ورلڈ کپ اور دورہ آسٹریلیا میں دستیاب ہوں گے۔