لندن: یو کے اسلامک مشن کا 48 واں سالانہ کنونشن اولڈہم مانچسٹر میں منعقد ہوا، جس میں برطانیہ سمیت امریکی مسلم اسکالرز نے خطاب اور  برطانیہ کے مختلف شہروں سے 1400 سے زائد مرد اور خواتین کی شرکت کی۔

یوکے آئی ایم کے مرکزی اسلامک سینٹر اولڈہم مانچسٹر میں ہونے والے سالانہ کنونشن کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا، کنونشن کے تعارف اور شرکا کے استقبال کے لیے یو کے آئی ایم کے مرکزی صدر حماد لودھی نے آنے والے مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یوکے آئی ایم برطانیہ سمیت دیگر کئی ممالک میں چیریٹی اور نوجوانوں کی تربیت کے لئے سٹیڈی سرکلز اور دیگر پروگرامز کا اہتمام کرتی ہے۔

تقریب میں برطانیہ کے مختلف شہروں سے 1400 مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ ایونٹ میں خواتین اور بچوں کے الگ سیشنز بھی منعقد کیے گئے جس میں امریکی سکالرز امینہ بلاکی اور ڈاکٹر ماہیرہ روبی نے خواتین کو یورپ اور برطانیہ میں چیرٹی اور دیگر معاملات کو بہتر انداز میں کرنے کے حوالے سے بات چیت کی۔

مشہور امریکی اسلامی سکالر امام سراج وہاج نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یورپ امریکہ برطانیہ جیسے معاشروں میں رہ اپنے کردار اور رویے کی مدد سے دوسروں کو متاثر کر سکتے ہیں۔

تقریب میں موٹیویشنل اسپیکر قاری جہانگیر نے باپ اور بچوں کے تعلق کے نام پہ لیکچر دیا اور بتایا کہ برطانیہ میں رہتے ہوئے والدین کو بچوں کی کیسے تربیت کرنی چاہیے اور بچوں کے ساتھ تعلق کو کیسے بہتر رکھا جا سکتا ہے۔

تقریب میں میکائیل مالا،لیشا پرائم،حینی البنا،عابد سالک،مدیحہ خان،سعدیہ احمد،ساماک مرزا،جواد ندوی نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پہ یو کے آئی ایم کی جانب سے مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی دی گئیں۔